سوتے ہوئے مسلمانوں کو بیدار کرنے کی ایک کوشش

نئی اشاعت

جمعرات، 25 اکتوبر، 2018

ارتداد کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ہماری ذمہ داریاں

ارتداد کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ہماری ذمہ داریاں
مولانا عمرین محفوظ رحمانی

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ اَمَّا بَعْدُ فَاعُوذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیطَانِ الرّجِیْمِ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم فَاَمَّا مَنْ طَغٰی وَاٰثَرَالْحَیٰوۃَ الدُّنْیَافَاِنَّ الْجَحِیْمَ ھِیَ الْماْوٰی وَاَمَّا مَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّہٖ وَنَھَی النَّفْسَ عَنِ الْھَوٰی فَاِنَّ الْجَنَّۃَ ھِیَ الْمَاْوٰی(سورہ نازعات)

وَقَالَ رَسُولُ اللّٰہ ﷺ ثَلٰثٌ مَنْ کُنَّ فِیْہِ وَجَدبہن حَلَاوَۃَ الْاِیْمَانِ: اَنْ یَّکُوْنَ اللّٰہُ وَرَسُوْلُہٗ اَحَبَّ اِلَیْہِ مِمَّا سَوَاھُمَا،وَاَنْ یُّحِبَّ الْمَرْءَ لَا یُحِبُّہٗ اِلَّا لِلّٰہِ، وَاَنْ یَّکْرَہَ اَنْ یَّعُوْدَ فِی الْکُفْرِ کَمَا یَکْرَہٗ اَنْ یُّقْذَفَ فِی النَّارِ۔(بخاری شریف)

من چاہی زندگی اور رب چاہی زندگی
زندگی اور موت ﷲ کے دست قدرت میں ہے، اسی نے ہمیں زندگی دی ہے، اور زندگی گذارنے کا طریقہ بھی بتایا ہے،
الَّذِیْ خَلَقَ الْمَوْتَ وَالْحَیٰوۃَ لِیَبْلُوَکُمْ اَیُّکُمْ اَحْسَنُ عَمَلًا
اسی نے زندگی اور موت کا نظام بھی قائم کیا ہے تا کہ و ہ ہمیں آزمائے کہ ہم میں سے کون اچھے اعمال کرتا ہے، انسانوں نے زندگی کے مختلف نام رکھ لیے ہیں ،
کوئی کہتا ہے ۔ یہ مشرقی زندگی ہے،
کوئی کہتاہے یہ مغربی زندگی ہے،
کوئی کہتاہے ، یہ نئے طرز کی زندگی ہے ، کوئی کہتاہے یہ پرانے طرز کی زندگی ہے، حالانکہ ﷲ تعالیٰ نے زندگی گذارنے کے صرف دو طریقے بتائے ، ایک یہ کہ انسان نفس پرستی کی زندگی گزارے ، دوسرا طریقہ یہ کہ انسان خدا پرستی کی زندگی گذارے۔ انسان یہ چاہتا ہے کہ وہ آزاد ہوکر زندگی گذارے ،نفس کی خواہشات کی تکمیل کرے ، دنیا کے انسانوں نے اس طرز زندگی کو بھی اپنایا ہے، بلکہ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ ہر مذہب کے ماننے والوں میں ایک بہت بڑی تعداد ایسے لوگوں کی ملے گی جو نفس پرستی کی زندگی گذارتی ہے ۔
جیسی کرنی ویسی بھرنی
قرآن کریم نے صاف صاف یہ بات ارشاد فرمائی،
فَاَمَّا مَنْ طَغٰی وَاٰثَرَالْحَیٰوۃَ الدُّنْیَافَاِنَّ الْجَحِیْمَ ھِیَ الْماْوٰی وَاَمَّا مَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّہٖ وَنَھَی النَّفْسَ عَنِ الْھَوٰی فَاِنَّ الْجَنَّۃَ ھِیَ الْمَاْوٰی(سورہ نازعات)
جو لوگ سرکشی کریں اور دنیا کی زندگی کو آخرت کی زندگی پر ترجیح دیں ان کا ٹھکانہ دوزخ کی آ گ ہے اور جو انسان قیامت کے دن اپنے پروردگار کے سامنے کھڑے ہونے سے ڈرے گا اس کے دل میں یہ خوف ہوگا کہ ﷲ مجھے دیکھ رہاہے اور مجھے ﷲ کے دربار میں پیش ہو کر اپنی زندگی کے اعمال کا حساب دینا ہے، اس کا ٹھکانہ جنت ہے۔ زندگی گذارنے کے یہی دو طریقے ہیں ایک نفس پرستی کا طریقہ ،اس کا انجام جہنم ہے اور دوسرا خدا پرستی اور ﷲ تعالیٰ کے ڈر اور خوف کے ساتھ زندگی گذارنے کا طریقہ ، اس کا انعام جنت ہے۔
قرآن کریم نے پوری قوت کے ساتھ اس حقیقت کو بھی بیان کر دیا کہ
اِنَّا ھَدَیْنٰہُ السَّبِیْلَ اِمَّا شَاکِرًا وَّاِمَّا کَفُوْرًا اﷲ تعالیٰ انسان کو آزمارہا ہے۔ انسان یا تو ﷲ تعالیٰ کے شکر کے ساتھ زندگی گذارے گا یا ناشکری کے راستے پر چلے گا، وہ خدا پرستی کے ساتھ زندگی گذارے گا یا نفس پرستی کے راستے پر چلے گا۔ دونوں راستے انسان کے لیے کھلے ہوئے ہیں ،جس نے اپنے نفس کو کچل دیا وہ کامیاب ہوگیا، اور جس نے نفس کی غلامی اختیار کی وہ ناکامیاب ہوگیا، انسان اگر ﷲ کا بندہ ہے تو اسے ﷲ کی بندگی اور اس کے احکام کی پابندیوں کے ساتھ جینا ہوگا، شریعت اسلامی میں کچھ چیزیں حلال کی گئی ہیں اور ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ان کو استعمال کیا جائے، کچھ چیزوں کوحرام کیا گیا ہے ، اور ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ان کے قریب نہ جایا جائے۔ صاف صاف کہا گیا کہ ہمیں ﷲ تعالیٰ کے حکموں کی پابندی کے ساتھ جینا ہوگا ع

تقدیر کے پابند نباتات و جمادات
مومن فقط احکام الٰہی کا ہے پابند

بے حیا باش ہرچہ خواہی کن

آج ہم دیکھیں کہ ہم اور ہمارا سماج کس راستے پر چل رہا ہے، ہم نے اپنے لیے کون ساطرز زندگی اپنایا ہے؟
ہم آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں یا پابندیوں کے عادی ہیں؟
ہمارے سماج کے لوگ ﷲ تعالیٰ کی قائم کردہ حدود کی کتنی پابندی کر رہے ہیں ؟
اس پر غور کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔
یاد رکھیں!
جب شرعی حدود اور پابندیاں ختم کر دی جائیں گی تو اس کے بہت ہی سنگین نتائج سامنے آئیں گے، پابندیاں اس لیے لگائی گئی ہیں کہ انسان اپنے آپ کو بے حیائی کے راستے پر نہ ڈالے۔ بخاری شریف کی حدیث ہے جس میں آنحضرت ﷺ نے حیا کو ایمان کا خصوصی حصہ قرار دیا ہے۔ یعنی مومن با حیا ہوگا اور پاکیزہ زندگی گزارنے والاہوگا۔ مسلم شریف میں ہے حضور ﷺ راستے سے گزر رہے تھے، ایک شخص اپنے بھائی کو نصیحت کر رہا تھا کہ اتنا زیادہ شرم مت کیا کر، آنحضرتﷺ نے اس سے فرمایا:
اس طرح کی نصیحت مت کرو ، اس لیے کہ حیا ہمیشہ بھلائی اور خیر لے کرآتی ہے، حیا اور شرم کے ذریعے انسان ایمان کے اونچے درجے تک پہنچتاہے، جب کہ بے حیائی انسانوں کو ﷲ کی نگاہ سے گرادیتی ہے، بے حیائی انسان کو ﷲ تعالیٰ کی نا فرمانی کے کاموں پر جرأت مند بنا دیتی ہے۔ اس لیے فرمایا گیا تھا کہ حیا اور پاک دامنی کو ہاتھ سے جانے نہ دو۔یہاں تک کہا گیا کہ اذا لم تستحی فاصنع ماشئت جب تمہارے اندر سے حیا کا جوہر نکل جائے تو جو چاہے وہ کرو۔
قرآن کریم میں یہ بات بھی کہی گئی ہے کہ ﷲ تعالیٰ جس آبادی کو تباہ و برباد کرنا چاہتا ہے وہاں مالداروں کی کثرت ہوتی ہے پھر وہ فسق و فجور کرتے ہیں، عیاشی و بدکاری کے کام کرتے ہیں، پھر اﷲ اس قوم کو تباہ وبرباد کر دیتا ہے۔
وَاِذَآ اَرَدْنَآ اَنْ نُّھْلِکَ قَرْیَۃً اَمَرْنَا مُتْرَفِیْھَا فَفَسَقُوْا فِیْھَا فَحَقَّ عَلَیْھَا الْقَوْلُ فَدَمَّرْنٰھَا تَدْمِیْرًا (سورہ بنی اسرائیل،آیت۱۶)
یہی ﷲ تعالیٰ کا نظام اور اس کاطریقہ ہے۔

مخلوط نظام تعلیم کا نتیجہ

آج آپ دیکھئے کہ ہمارے معاشرے میں بے حیائی عام ہو رہی ہے ، اس کے سنگین نتائج سامنے آ رہے ہیں،کل جب یہ کہا جاتا تھا کہ مخلوط تعلیم سے اپنی اولاد کو بچاؤ تو لوگ کہتے تھے کہ علماء انگریزی تعلیم کے خلاف ہیں، علماء لڑکیوں کی تعلیم کے مخالف ہیں ، لیکن آج اس مخلوط تعلیم کا نتیجہ یہ ہے کہ ہماری بچیاں بے حیائی کے راستے پر چل پڑی ہیں اور ارتداد تک پہنچ رہی ہیں، آپ دیکھ رہے ہیں کہ کتنی تیزی سے بدکاری اور زنا کاری کا سیلاب ہمارے معاشرے میں آگیا ہے، پچھلے دنوں دہلی میں علماء اور سرکردہ افراد کی ایک میٹنگ میں یہ بات سامنے آئی کہ دہلی اور اس کے اطراف میں سے صرف ایک علاقے میں پانچ سو مسلمان لڑکیاں مرتد ہو گئیں، انہوں نے غیر مسلم لڑکوں سے نکاح کیا، اور ان کے ساتھ چلی گئیں۔ یعنی انہوں نے اپنے دین وایمان اور اخلاق کو چھوڑ دیا۔ خود ہماری ریاست مہاراشٹر کے پونہ شہر میں پچھلے دو سال کے عرصے میں ساٹھ ستر لڑکیاں مرتد ہو گئی ہیں۔ ابھی چند دن پہلے خاص اسی مسئلے سے متعلق پونہ کے احباب ملنے کے لیے آئے تو انہوں نے بتایا کہ اگست میں۱۱؍مسلمان لڑکیوں کی غیر مسلم لڑکوں کے ساتھ شادی کی درخواستیں دائر ہوئی ہیں اور پچھلے مہینے (ستمبر) میں ۱۲؍لڑکیوں نے درخواست دی ہے۔ مہاراشٹر کے دوسرے اور شہروں سے بھی اس طرح کی خبریں آ رہی ہیں چنانچہ بمبئی میں۱۲،تھانے میں۷، ناسک میں۲، اور امراوتی میں ۲؍لڑکیوں نے شادی کی درخواست دی ہے۔

ملکی صورتحال

یہ بات بھی ذہن میں رہنی چاہئے کہ صرف مہاراشٹر میں ہی ایسے واقعات نہیں ہو رہے ہیں بلکہ ملک کی مختلف ریاستوں سے برابر خبریں موصول ہو رہی ہیں، جموں کشمیر سے کئی لوگوں نے اطلاع دی ہے کہ ہمارے یہاں کالج میں پڑھنے والی مسلم لڑکیاں ہندو اور دلتوں کے ساتھ نکاح کر رہی ہیں، اگست کے وسط میں بھوپال جانا ہوا تھا ،وہاں مسلم پرسنل لا بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی برائے خواتین کی ذمہ دار بہنوں نے بتایا کہ بھوپال کی گنجان مسلم آبادی والے ایک علاقے میں اس طرح کے دسیوں واقعات ہو چکے ہیں، اور صرف غیر شادی شدہ لڑکیاں ہی نہیں شادی شدہ عورتیں بھی اپنے شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر غیر مسلموں کے ساتھ چلی گئی ہیں دہلی سے ملی اطلاعات کے مطابق جھونپڑ پٹی والے علاقے میں بسنے والی مسلمان لڑکیاں فرقہ پرست عناصر کی اس منصوبہ بند سازش کا ’’لقمۂ تر‘‘ بنی ہوئی ہیں، گذشتہ شعبان میں احمد آباد حاضری ہوئی تو وہاں کے علماء نے بتایا کہ ہمارے یہاں ہر دوسرے تیسرے دن سوشل میڈیا پرخبر آتی ہے کہ فلاں مسلمان لڑکی کسی غیر مسلم لڑکے کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی ہے یا فلاں لڑکی نے کورٹ میرج کی عرضی داخل کی ہے، بات یہیں تک محدود نہیں ہے بلکہ ان لوگوں نے یہاں تک بتایا کہ مسلمان لڑکیوں کو رجھانے ، قریب کرنے اور پھر ان کاجنسی استحصال کرنے کے لیے گراں قیمت تحفے دئیے جاتے ہیں، مثلاً مہنگے موبائیل ،آئی پیڈ، لیپ ٹاپ، ایکٹیوا بائک وغیرہ، باضابطہ ان کی ’’فنڈنگ‘‘ کی جا رہی ہے اور ایک سونچے سمجھے منصوبے کے تحت انہیں اس کام پر لگایا گیا ہے، میں پورے یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ یہ اتفاقی واقعات نہیں ہیں۔ بلکہ ان کے پیچھے ایک سونچا سمجھا منصوبہ کام کر رہاہے، ’’لو جہاد ‘‘ نام کی کوئی چیز اس ملک میں نہیں ہے، البتہ یہ ’’شوشہ‘‘ صرف اس لیے چھوڑا گیا تھا کہ ہندو نوجوانوں میں ’’انتقامی جذبہ‘‘ ابھارا جائے اور خود مسلمانوں کو ’’لو جہاد‘‘ میں الجھا کر اندرون خانہ مسلمان لڑکیوں کو تباہ و برباد کرنے کا کھیل کھیلا جائے ۔ پہلے یہ بات ڈھکی چھپی رہی بھی ہو تو اب ڈھکی چھپی نہیں رہ گئی ہے۔
بے حسی کا کوئی حد سے گزرنا دیکھے
اس سازش کی گہرائی کا اس بات سے اندازہ لگایئے کہ ہماری معلومات کی حد تک جب کورٹ میرج کی درخواست دی جاتی ہے۔ تو ایک مہینے کے بعد اس درخواست پر عمل در آمد ہوتا ہے، یہ مدت اس لیے بھی رکھی گئی ہے کہ اگر گھر والوں یا کسی اور کو کوئی اعتراض ہو تو وہ کاروائی کر سکتا ہے، قانوناً اس طرح کے معاملات میں گھر والوں کو نوٹس جاری کرنا بھی لازمی اور ضروری ہے، جس کے ذریعے یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ آپ کا لڑکا /لڑکی نے کورٹ میرج کی عرضی داخل کی ہے ، اب جب یہ درخواست داخل ہوتی ہے تو خود وہ شادی کی درخواست دینے والا نوجوان کسی ذریعہ سے اس درخواست ( جس پر مسلمان لڑکی او ر غیر مسلم لڑکے کا فوٹو ہوتا ہے کہ یہ دونوں شادی کرنے جا رہے ہیں) کی تصویر لے کر کسی اور کے ذریعے سوشل میڈیا پر وائرل کروا دیتا ہے، تا کہ وہ معصوم بنا رہے اور مسلمان لڑکی ہمیشہ کے لیے تباہ و برباد اور ذلیل ورسوا ہو جائے۔

غیر مسلم لڑکوں سے شادی کرنے والی مسلمان لڑکیوں کا انجام

پسماندہ علاقوں کی صورت حال تو اور بھی زیادہ خطرناک ہے فرقہ پرست طاقتیں پوری قوت صرف کر کے روپیہ پیسہ خرچ کر کے غیر مسلم لڑکوں کے ذریعے مسلم لڑکیوں کو محبت کے فریب میں مبتلا کر رہی ہیں، ان کو قیمتی تحفے دیئے جاتے ہیں ان کے لیے انتظامات کئے جاتے ہیں، نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ لڑکی اپنے گھر سے بھاگ کر کسی غیر مسلم سے شادی کر لیتی ہے، چار چھ مہینے کے بعد تو اس کوطلاق دے دی جاتی ہے یا پھر اس کے ساتھ اذیت ناک سلوک کیا جاتا ہے کہ اس کو اپنا جسم بیچنے پر مجبور کر دیا جاتاہے، چونکہ اس کے ماں باپ کا دروازہ اس کے لیے بند ہوچکا ہوتا ہے ،اب اس کے کوئی چارۂ کار نہیں کہ وہ لڑکی غیر مسلم گھرانے میں رہے اور وہ اسے جیسے چاہیں استعمال کریں۔
اپنے اور اپنے گھر والوں کی فکر کیجئے
اگر تمام علاقوں میں مرتد ہونے والی لڑکیوں کے اعداد و شمار یک جا کئے جائیں تو پتہ چلے گا کہ یہ سب ایک منظم سازش کے تحت ہو رہاہے۔ آپ اصل سچائی کو سمجھنے کی کوشش کیجئے ارتداد کا جو سیلاب آیا ہوا ہے اس کو قریب سے دیکھئے ، محسوس کیجئے اور اس کے دور کرنے کی فکر کیجئے، اپنے بچوں اور خاندانوں کو بچانے کی فکر کیجئے۔ آپ کی بچی جاہل رہے ،یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ تعلیم یافتہ ہو اور کفر کو اختیار کر لے۔تشویشناک بات یہ ہے کہ مسلمان اپنے بچوں کو اور اپنے معاشرے کو بچانے کے لیے اور ان کو دین پر قائم رکھنے کے لیے مطلوبہ کوششوں سے کٹے ہوئے ہیں ۔ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ آپ اپنے اندر ایمانی غیرت پیدا کیجئے ، ایمان کی قدر کیجئے، اور ایمان کے تحفظ کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کاجذبہ پیدا کیجئے۔

ایمان کی حلاوت

حضرت انسؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
ایمان کی حلاوت اسی کو نصیب ہوگی جس میں تین باتیں پائی جائیں گی ۔ ایک یہ کہ اللہ تعالیٰ اور ان کے رسول کی محبت اس کے دل میں سب سے زیادہ ہو ۔ دوسرے یہ کہ جس کسی سے محبت ہو صرف اللہ تعالیٰ ہی کے لئے محبت ہو۔ تیسرے یہ کہ ایمان کے بعد کفر کی طرف پلٹنے سے اس کو اتنی نفرت اور ایسی اذیت ہو جیسی کہ آگ میں ڈالے جانے سے ہوتی ہے ۔
اس وقت ملک کی صورت حال بڑی نازک ہے، ایک طرف قوانین شریعت پر حملے کئے جا رہے ہیں، دوسری طرف فرقہ پرست طاقتیں مسلم بچیوں کو ارتداد کے دہانے تک پہونچا رہی ہیں، تیسری طرف میڈیا کے ذریعے ہماری نئی نسل کا ذہن خراب کیا جارہاہے، اورچوتھی طرف اسکول اور کالجوں میں بے حیائی کا ماحول بنایا جارہا ہے، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ ہماری نئی نسل عیش وعشرت کے راستے پر چل پڑی ہے۔ یہ صورت حال ایسی سنگین ہے جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ پانی سر سے نہیں چھت سے اونچا ہوتا جارہا ہے ۔
ہم کب بیدار ہوں گے ؟
ہم اپنی بہنوں ،بچیوں اور بیٹیوں کو بچانے کے لیے کب آگے آئیں گے؟
خواب غفلت کب تک ؟
نظرانداز کرنے کامزاج کب تک ؟
جب حالات ایمرجنسی کے ہوں ، جب معاملات سنگین صورت حال اختیار کرلیں، جب دین و ایمان پر یلغار کی جائے، جب عفت وعصمت کے سودے چکائے جائیں، جب منظم منصوبے کے تحت مسلمان لڑکیوں کی زندگیاں تباہ وبرباد کی جائیں، اس وقت خاموشی جرم ہے، سنگین جرم!
ایسے حالات میں کم اہم یا کم ضروری مسائل پر توجہ دینا زیادتی ہے، بد ترین زیادتی!
یہ ایسا اہم مسئلہ ہے جسے مسجد کے محراب و منبر سے بیان کیا جائے ، جسے جلسوں اور مجلسوں کا موضوع بنایا جائے،جس کے پیش نظر خاندانی نظام کی اصلاح پر بھر پور توجہ دی جائے، جس کی وجہ سے اپنے گھر کی بچیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، خطرے کی تلوار سر پرلٹکتی ہوئی محسوس کر کے مخلوط تعلیم سے بچنے اور غیر مخلوط تعلیمی نظام کے قائم کرنے کی فکر کی جائے۔
ارتداد کی بڑھتی پھیلتی لہر کو روکنے کے لیے مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل ضروری ہے:

(۱)اسلامی نظام کے مطابق مسلمان بچیوں کو پردے کا پابند بنایا جائے، ان میں حیاداری، عفت و عصمت کی حفاظت کا جذبہ ، اور عقیدۂ توحید و رسالت کی عظمت پیدا کی جائے۔ روزانہ ہمارے گھروں میں آدھے گھنٹے ہی سہی کسی اچھی مستند اور ذہن و دل کو متاثر کردینے والی کتاب کی تعلیم کی جائے۔

(۲)مخلوط نظام تعلیم سے اپنی بچیوں کو بچایا جائے، غیر مخلوط تعلیمی نظام کے قیام پر بھرپور توجہ دی جائے اور محفوظ ماحو ل میں معیاری تعلیم کاانتظام کیا جائے۔

(۳)جو لڑکیاں اسکولوں اور کالجوں میں پڑھ رہی ہیں، ان کی دینی تعلیم وتربیت اور ذہن سازی کی بھرپور کوشش کی جائے ، ان کی عادات ، اطوار ، اخلاق پر پوری نظررکھی جائے، کردار سازی میں معاون بننے والا لٹریچر انہیں مطالعے کے لیے دیا جائے۔

(۴)ٹیوشن کلاس کے نام پر اجنبی لڑکوں سے اختلاط کا موقع نہ دیا جائے، کسی ٹیچر یا ساتھی طالب علم کے گھر پر کسی تعلیمی ضرورت کے نام سے بھی جانے کی اجازت نہ دی جائے، کالج لانے لے جانے کاخود انتظام کیا جائے۔

(۵)اینڈرائڈ موبائیل اور بائک خرید کر نہ دی جائے، یہ دونوں چیزیں بے حیائی کے دروازے کھولنے والی اور عفت وعصمت کی تباہی کے دہانے تک پہونچانے والی ہیں ۔

(۶)موبائیل ریچارج یا زیراکس کے لیے غیر مسلموں کی دوکان پر جانے کی اجازت نہ دی جائے، اسی طرح کالج کے اندر یا اس سے قریب غیر مسلموں کے کینٹین سے بچنے کی ہدایت دی جائے۔

(۷) غیر مسلم لڑکیوں کی دوستی سے بھی روکا جائے کہ آئندہ یہ دوستی بھی کسی فتنہ کادروازہ بن سکتی ہے۔

(۸) بچیوں کے مسائل اور ان کو پیش آنے والی پریشانیوں پر توجہ دی جائے، 
یاد رکھیں !
گھر میں توجہ کی کمی باہر کا راستہ دکھاتی ہے۔

(۹)اگربچیاں کسی تعلیمی ضرورت سے انٹرنیٹ استعمال کررہی ہیں تو ان کی بھرپور نگرانی کی جائے ، اس لیے کہ بھٹکنے اور بہکنے کے اکثر دروازے انٹر نیٹ کے ذریعہ کھلتے ہیں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ایمان کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے اور ہماری نسلوں کے دین و ایمان کی حفاظت فرمائے۔آمین

واخر دعوانا ان الحمد للہ رب العالمین






ہوم